منڈی بہاؤ الدین : ملک میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، ڈاکٹر طارق محمود چدھڑ

منڈی بہاؤ الدین(محمد بلال احمد بٹ)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے ضلعی صدرڈاکٹر طارق محمود چدھڑ نے کہا ہے کہ ملک میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، اگرچہ حکومت نے کئی بار دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مہم شروع کرنے اعلان کیا ہے ، لیکن اس کا کوئی مثبت نتیجہ برآمد نہیں ہوا ، رکشوں کے علاوہ ویگنیں ، بسیںکاریں ، اور اسکوٹر وغیرہ بھی سے نکلنے والا زہریلے دھوئیں کے بادل فضا میں تیرتے رہتے ہیں اور جسے ہر سانس لینے والا شخص اپنے پھیپھڑوں میں داخل کرنے پر مجبور ہو چکا ہے ، اور دھوئیں کی کیثیف اور دبیز چادر تنے رہنے کے باعث سورج کی روشنی بھی صحیح طرح زمین تک نہیں پہنچ سکتی۔

اس دھوئیں کی وجہ سے شہریوں میں سانس ، پھیپھڑوں اور آنکھوں کی بیماریوں کے امراض میں اضافہ کے خدشات بھی بڑھتے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ موٹروہیکل ایکٹ پر سختی سے پابندی کی ضرورت ہے ، اور ماحولیاتی آلودگی سے متعلق عوام الناس میں شعور بیدار کرنے کے لیے حکومتی سطح پر سیمینار منعقد کروائے جانے چاہییں ، تاکہ ماحولیاتی آلودگی اور اس کے پیدا ہونے والے مسائل پر معاشرے کے ارکان بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔