موجود حکومت فروغ علم میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے ، پاکستان کی ترقی میں طلباء اپنے علم کے ذریعے کردار ادا کر سکتے ہیں ، نثار کھوڑو

کراچی (اسٹاف رپورٹ) اسپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پاکستان میں تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیاں لا کر معاشرے سے جہالت کا خاتمہ اور پڑھا لکھا ترقی یافتہ پاکستان کی جد وجہد میں کوشاں ہے ،تعلیمی نظام کو بہتر بنا نے کے لئے نہ صرف تعلیمی نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں بلکہ درسگاہوں کو اعلیٰ اسٹینڈرز کے مطابق بنایا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپلیٹا میمن ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام تقسیم انعامات و اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس موقع پر صوبائی وزیر سیف اللہ دھاریجو ، سنیٹر سعید غنی ،آل پاکستان میمن فیڈریشن کے صدر عبدالعزیز میمن ، اپلیٹا میمن ایسو سی ایشن کے صدر اختر یونس عرفا ،حاجی مسعود پاریکھ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سیف اللہ دھاریجو نے کہا کہ آج کے طالب علم مستقبل کے معمار ہیں انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ علم کے حصول پر بھر پور توجہ دیں اور اپنے علم کے ذریعے نہ صرف اپنا بلکہ اپنے والدین ،اساتذہ اور علمی درسگاہ کا دنیا میں نام روشن کریں اس موقع پر سینٹر سعید غنی نے کہاکہ جہالت کے خاتمے کے لئے ملک میں بسنے والے ہر فرد کو اپنا کردار قومی فریضہ سمجھ کر انجام دینا ہو گا جہالت کے خاتمے کے ذریعے ہی پاکستان کو ترقی اور عوامی خوشحالی کے خواب کو پورا کیا جا سکتا ہے ، سعید غنی نے اپلیٹا میمن ایسو سی ایشن کو علم کے فروغ کے لئے کردار اداکرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے عالیشان تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں زینب ری ہیبلٹشن سینٹر کے اسپیشل بچوں سمیت دیگر طلباء و طالبات نے ٹیبلو پیش کئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپلیٹا میمن ایسو سی ایشن کے صدر اختر یونس عرفا نے کہا کہ ہماری ایسوسی ایشن اپنی برادری کے ہونہار طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے مستقبل میں ایسے تقریبات کا اہتمام کرتی رہے گی انہوں نے ایوسی ایشن کے تمام ذمہ دران و اراکین کو تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کیا اس موقع پر حاجی یعقوب پوچی نے کہا کہ ہمارا مقصد ہماری برادری کے قابل بچے تعلیمی میدان میں کسی سے پیچھے نہ رہیں اور اسطرح کے پروگرام ان کے آگے بڑھنے میں معاؤنت ثابت ہو۔

تقریب سے حاجی مسعود پاریکھ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری ایسوسی ایشن پہلی جماعت سے لے کر پروفیشنل لیول تک کے پوزیشن ہولڈر طالبعلموں کی حوصلہ افزائی کے لئے تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد ہر سال کرتے ہیں جس میں حفاظ کرام اور عالم و عالمہ بھی کورس کی تکمیل کے بعد انعامات کے حقدار پاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری بھر پور کوشش ہے کہ ہم پاکستان کی خدمت کرنے کے لئے اپنی برادری سے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان تیار کریں اور نہیں ملک کی خدمت کے لئے پیش کریں تقریب میں وسیم انصاری(مشرف فیم)محفوظ یار خان ، انیس رفا ، انجینئر مصباح الدین ، صدیق ناتھانی ،حاجی اقبال احمد ، ڈاکٹر حنیف بیگ ، عارف پنجابی ، الیاس کیگانی ، عبدالرزاق ویانی ،حاجی عارف پاریکھ ، عبدالخالق عظیمی ، جمشید بخاری ، خادم حسین ، عبدالرحمن بلوچ اور دیگر شامل تھے۔

تقریب کے اختتام پر اسپیکر صوبائی اسمبلی نثار کھوڑو ،صوبائی وزیر سیف اللہ دھاریجو اور سنیٹر سعید غنی نے ایسوسی ایشن کے ذمہ دران کے ہمراہ علمی میدان میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات و اسناد تقسیم کئے۔

Karachi UPLITA Memon Association

Karachi UPLITA Memon Association