نفرتیں پیدا کرنے والا کسی سے مخلص نہیں ہوسکتا، فاروق ستار

Dr Farooq Sattar

Dr Farooq Sattar

کراچی : (جیو ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی میں رہنے والے پختون سمیت دیگر قومیتوں کے افراد ایم کیوایم کے ساتھ ہیں اور وہ شہر کا امن تباہ کرنے کیلئے کی جانے والی سازشوں کے پیچھے کارفرما عناصر کے مفادات کو اچھی طرح جانتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لال قلعہ گرانڈ عزیز آباد میں ایم کیوایم پختون آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر اہتمام منعقدہ جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور یہاں رہنے والی تمام قومیتیں شروع دن سے ہی پیار ، محبت اور بھائی چارے سے رہ رہی ہیں لیکن بعض مفاد پرست عناصر جنہیں صرف اپنے ذاتی مفادات سے غرض ہے وہ اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے مختلف قومیتوں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کا عمل کررہے ہیں جو ملک و قوم کیلئے کسی طرح بھی سود مند ثابت نہیں ہوسکتا ۔انہوں نے کہاکہ نفرتیں پیدا کرنے کا عمل کرنے والا کبھی بھی کسی سے مخلص نہیں ہوسکتا اور اس کے مقاصد میں امن ، آشتی کے بجائے خون خرابہ اور قتل و غارتگری شامل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا فکر وفلسفہ اور نظریہ مظلوم عوام کیلئے ہے اور مظلوم عوام ملک میں پائی جانے والی ہر قومیت میں موجود ہیں اور اب ہر قومیت کے مظلوم اپنے حقوق کے حصول کیلئے الطا ف حسین کو ہی اپنا نجات دہندہ تسلیم کررہے ہیں اور بڑی تعداد میں ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر جتنی چاہیں سازشیں کرلیں وہ مختلف قومیتوں کے مظلوم عوا م کو الطا ف حسین سے ہرگز متنفر نہیں کرسکتے اورتمام تر سازشوں کے باوجود نہ صرف حق پرستی کی جہد مسلسل جاری رہی بلکہ اب یہ جہد مسلسل اس جانب رواں دواں ہے جب ان سازشی عناصر کا سخت محاسبہ ہوگا اور وہ اپنے انجام کو پہنچیں گے۔