والد رضا مند، کامران فیصل کی قبرکشائی کی اجازت مل گئی

Kamran Faisal

Kamran Faisal

میاں چنوں(جیوڈیسک)جوڈیشل مجسٹریٹ میاں چنوں نے کامران فیصل کے والد کی رضامندی کے بعد قبر کشائی کی اجازت دے دی۔ اسلام آباد پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے جب مجسٹریٹ میاں چنوں سے رابطہ کیا تو پہلے تو مجسٹریٹ نے یہ کہہ کر قبر کشائی کی اجازت دینے سے انکار کردیا کہ اس کیس کی جہاں ایف آئی آر ہوئی وہاں قبر کشائی کی اجازت کے لیے رابطہ کیا جائے۔

اس امر کی اجازت کا علاقہ مجسٹریٹ مجاز نہیں ، تاہم بعدازاں مجسٹریٹ نے تفتیشی ٹیم اور کامران کے والد کو بات چیت کے لیے دفتر بلالیا جس کے بعد کامران فیصل کے والد کی رضامندی کے بعد علاقہ مجسٹریٹ نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کامران فیصل کی قبر کشائی کی اجازت دے دی۔

اسلام آباد پولیس کی تحقیقاتی ٹیم اور مجسٹریٹ قبر کشائی کے لیے قبرستان روانہ ہوگئے، آخری اطلاع موصول ہونے تک قبر کشائی سے قبل فرانزک ٹیم کا انتظار کیا جارہا ہے ، جس کی آمد کے فوری بعد قبر کشائی کا عمل کیا جائے گا ، اس موقع پر علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی وہا ں موجود ہے۔