وزیراعظم کی ناراض بلوچوں کو مذاکرات کی دعوت

Raja Pervez Ashraf

Raja Pervez Ashraf

پاکستان : (جیو ڈیسک)وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے اندرون اور بیرون ملک موجود ناراض بلوچ رہنماؤں کو مذاکرات کی دعوت دے دی۔ ان کا کہنا ہے پاک امریکا تعلقات کی بحالی میں جذباتی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔وزیراعظم پرویز اشرف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں توانائی بحران اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اندرون و بیرون ملک تمام بلوچ رہنماؤں کو مذاکرات کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا شورش زدہ بلوچستان کے مسئلے کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امریکا سلالہ واقعے پرغیرمشروط معافی مانگے، پاک امریکا تعلقات کی بحالی میں جذباتی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کی بالادستی اور خودمختاری پر کوئی حرف نہیں آنے دیں گے۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ درپیش چیلنجز حل نہ کئے تو جمہوریت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کابینہ عوامی مسائل حل کرنے کیلئے متحرک کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے سیاسی جماعتوں کو ملکی مسائل کے حل کیلئے ساتھ کام کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ محاذ آرائی کی سیاست اب ختم ہونی چاہئے۔ دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خلاف مل کر کوشش کرنا ہوں گی۔