پرائیویٹ اور سرکاری گاڑیوں پر لگی ہوئی تمام غیر قانونی نمبر پلیٹیں اتروادی جائیں گی ، چوہدری محمد طیب

بھمبر ( ڈسٹرکٹ رپورٹر) پرائیویٹ اور سرکاری گاڑیوں پر لگی ہوئی تمام غیر قانونی نمبر پلیٹیں اتروادی جائیں گی سب سے پہلے اپنی سرکاری گاڑی سے ڈپٹی کمشنر کی پلیٹ اتار کر آغاز کرونگا ان خیالات کااظہار ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری محمد طیب نے کشمیر پریس کلب بھمبر کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر SSPبھمبر سردار محمد الیاس بھی موجود تھے انہوں نے کہاکہ ضلع بھمبر کے اندر سیکورٹی بہتر بنانے کیلئے تمام پرائیویٹ اور سرکاری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر لگی ہوئی غیر قانونی پریس ،پولیس ،وکلاء اور دیگر تنظیموں کے عہدیداران کی پلیٹیں اتروا دی جائیں گی۔

اس سلسلہ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پریس کارڈ پاس رکھیں اور کسی بھی صحافتی ذمہ داری کے دوران اپنے گلے میں لٹکا لیں تاکہ انکی شناخت ہو سکے انہوں نے کہاکہ بعض عناصر جعلی پلیٹس لگا کر مختلف غیر قانونی اور غیر اخلاقی جرائم میں ملوث ہیں اور جعلی نمبر پلیٹوں کا سہارا لیکر تمام مذموم مقاصد حاصل کررہے ہیں ان جرائم پیشہ عناصر کیلئے قلع قمع اور جرائم کی روک تھام کیلئے بھمبر کے عوام اور میڈیا اور دیگر تنظیمیں ہمارے ساتھ تعاون کریں ۔