پشاور : اسکول میں آگ لگنے کے باعث 14 بچے زخمی

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے علاقے صدر نوتھیا میں نجی اسکول میں اچانک لگنے والی آگ سے نو معصوم بچے دم گھٹنے سے بے ہوش اور 5 جھلس کر زخمی ہوگئے جن میں دو بچوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

پشاور کے نجی اسکول میں معصوم بچے صبح سویرے تعلیم کے حصول کیلئے پہنچے ہی تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ اسکول میں نصب موبائل ٹاور میں شارٹ سرکٹ سے لگی ، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی کلاس رومز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، فائر بریگیڈ کے عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ، اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

اسکول انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جب آگ لگی اس وقت اسکول میں دوسو ستر بچے موجود تھے۔ اسکول کے بچوں کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے بعد انھوں نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ اسکول میں پڑھنے والے ایک بچے کے والد کا کہنا تھا کہ جب آگ لگی تو ہر طرف بچوں کی چیخ و پکار تھی۔

امدادی ٹیموں نے جھلس کر زخمی اور دم گھٹنے سے بے ہوش ہونے والے بچوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں دو بچوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔