پنجاب بجٹ: 1000 سی سی گاڑیوں پر لائف ٹائم ٹیکس کی تجویز

Punjab Assembly

Punjab Assembly

لاہور : (جیو ڈیسک) پنجاب حکومت نے بجٹ میں 1000 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں پر ہر سال ٹوکن ٹیکس لینے کی بجائے لائف ٹائم ایک بار فی گاڑی 10 ہزار روپے وصول کرنے کی تجویز دی ہے، فنانس بل میں ا س ترمیم کو شامل کر لیا گیا۔ پنجاب بجٹ کی فنانس بل دستاویز کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں گاڑیوں کے ٹیکس وصولی کے طریقہ کار میں رد وبدل کیا گیا ہے جس کے مطابق نئے مالی سال سے 1000 سی سی کی گاڑیوں پر لائف ٹائم 10 ہزار ٹوکن ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

اس بارے میں ایڈیشنل سیکریٹری ایکسائز پنجاب مسعود الحق نے جیو کو بتایا اس تجویز کو فنانس بل ترمیم کا حصہ بنا دیا گیا ہے جو یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگا۔ مسعود الحق نے بتایاکہ اس وقت صوبے میں 2 لاکھ گاڑیاں ہیں جن سے مجموعی طور پر 2 ارب روپے وصول ہوں گے اس کے علاوہ ہر سال 35 ہزار گاڑیاں نئی رجسٹرڈ ہوتی ہیں جس سے 35 کروڑ روپے ٹوکن ٹیکس وصول ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس کا بنیادی مقصد لوگوں کو ایکسائز آفس، ڈاک خانے کے چکروں سے بچانا اور محکمہ کو بروقت پیسے کی ریکوری ہے، جس سے ڈیفالٹ ریشو صفر ہو جائے گا۔