پنجاب حکومت نے فلاپ منصوبے دینے کا ریکارڈ بنایا ، سیمل کامران

لاہور (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات سیمل کامران نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ لانگ مارچ کے صدمے سے باہر نکل کر آٹے کی قیمتیں کنٹرول کریں۔ گندم کے ذخائر پڑے پڑے خراب کرنے کی بجائے سستا آٹا غریب کے منہ تک آنے دیں۔ خادم اعلیٰ نے آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے کے لئے 27 ارب روپے بجٹ میں سے لئے اس کے باوجود آٹا غریب کی پہنچ سے باہر ہو گیا۔

گزشتہ روز یہاں انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ نے فلاپ منصوبے دینے کا ریکارڈ بنایا بالآخر 3 سال کی لوٹ مار اور ایک ”خاص ” شخصیت کی چاندی کے بعد بس سسٹم بھی فیل ہو گیا ۔ خادم اعلیٰ نے لاہور کے عوام کو بروقت منزل مقصود تک پہنچانے والی سینکڑوں ویگنیں بند کر کے ناقص اور کاغذی بس سسٹم منصوبہ کے نام پر ہزاروں نفوس کو 3 سال تک فاقوں سے دوچار رکھا۔ یہ ظلم خادم اعلیٰ کی گردن پر ہے۔

چودھری پرویز الٰہی اسی لئے کہتے ہیں کہ پنجاب حکومت ہر منصوبہ صرف اور صرف کمیشن اور کک بیکس کے لئے شروع کرتی ہے۔ جب مقصد حل ہو جاتا ہے تو منصوبہ ٹھپ ہو جاتا ہے۔