پنجاب میں صنعتوں کو گیس کی سپلائی غیر معینہ مدت کیلئے بند

Punjab Industries

Punjab Industries

پنجاب (جیوڈیسک) پنجاب میں گیس بحران سنگین ہو گیا ہے اور صوبے بھر کی صنعتوں کو گیس کی سپلائی غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دی گئی ہے۔ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کو گیس کی سپلائی کے لئے تقسیم کئے گئے دو نوں زونز میں قائم فیکٹریوں کو تاحکم ثانی گیس کی سپلائی بند رہیگی۔ فیصل آباد، سرگودھا، بہاولپور، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات، اسلام آباد اور راولپنڈی کی صنعتوں کو گیس کی سپلائی گذشتہ روز 8 سمبر کو شام چھ بجے بند کی گئی ہے۔

صوبے کے دوسرے زون لاہور، ساہیوال اور شیخوپورہ کو گذشتہ روز شام 6 بجے سے تین دن کے لئے گیس ملنا تھی مگر گیس کی قلت کی وجہ سے فیصلہ اچانک واپس لے لیا گیا ہے اور اس وقت پورے صوبے کی صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند ہے۔ذرائع کا کہنا ہے سردی کی شدت بڑھنے کی وجہ سے گیس کی لوڈ شیڈنگ بڑھائی گئی اور حالات بہتر ہونے کے بعد پہلے مرحلے میں لاہور زون شامل شہروں کی صنعتوں کو آئندہ دو دنوں کے بعد گیس ملنے کا امکان ہے مگر فیصل آباد اور ملتان والے زون کی صنعتوں کو اگلے چار دن گیس کی سپلائی معطل رہیگی اور اس کے بعد بھی بحالی کے امکانات کم ہیں۔