پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف ن لیگ کا سینیٹ سے واک آؤٹ

Senate meeting

Senate meeting

پاکستان(جیوڈیسک)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نون لیگ کا سینیٹ سے واک آؤٹ۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معیشت آج بہترہوسکتی ہے مگر کوئی سنجیدہ ہی نہیں ۔ای سی سی عوامی مفاد کے خلاف فیصلے کررہی ہے۔

سینیٹ کا اجلاس چئیرمین نئیر بخاری کی زیر صدارت جاری ہے ۔نون لیگ نے ایوان میں وزرا کی عدم موجودگی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا جس کے بعد نون لیگ کے اراکین ایوان سے واک آوٹ کر گئے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پیٹرول اورسی این جی کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے خورونوش اور کرایوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔ پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کو سیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت آج بہترہوسکتی ہے مگر کوئی سنجیدہ ہی نہیں۔

ای سی سی عوامی مفاد کے خلاف فیصلے کر رہی ہے۔ حکومت بتائے کہ وہ کیا چاہتی ہے ۔ وقفہ سوالات کے دوران بیان دیتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ گذشتہ دس سال کے دوران ریلوے کی دس ہزار ایک سو ستاون ایکڑ اراضی لیز پر دی گئی۔ اب تک لیزسے 6122 ملین روپے وصول کیے گئے ہیں۔ وزیر مملکت برائے دفاع نے بتایا کہ گزشتہ چھ سال کے دوران پاکستان میں 6 فضائی حادثات ہوئے جن میں سے تین کی تحقیقات جاری ہے۔

ائیر بلیو اور ملتان میں ہونے والے حادثوں کی وجہ انسانی عنصرتھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے 13 طیاروں کی فضائی عمر 25 سال سے زائد ہو چکی۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ اکبر بگٹی قتل کیس میں مشرف کے خلاف ریڈ وارنٹ کے لیے بلوچستان حکومت سے کوئی درخواست نہیں ملی۔