پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس ہو سکتا ہے،عاصم

dr asim hussain

dr asim hussain

اسلام آباد(جیوڈیسک)وزیر تیل و قدرتی وسائل ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ اگر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم متفقہ سفارش کرے تو حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں واپس لے سکتی ہے۔ وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ متفقہ سفارش کی صورت میں وزارت پٹرولیم وزیر اعظم کو قیمتیں واپس لینے کی درخواست بھیج دے گی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کا اجلاس انجینئیر طارق خٹک کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ کمیٹی نے رمضان المبارک میں قیمتیں بڑھا کر صارفین کو تنگ کرنے اور پندرہ روز کے لئے قیمتیں واپس لینے کا کہا تھا۔

کمیٹی کا کہنا تھا ان قیمتوں میں اضافے کے بعد ہر شے کی قیمت بڑھ جائے گی جس سے روزہ داروں کے لئے مشکلات بہت سے پیدا ہو جائیں گی۔اجلاس کے دوران، مشیرپٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین اور جمشید دستی میں تلخ کلامی ہو گئی، ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ رکن کمیٹی کسی کو رسوا نہ کریں، جمشید دستی اپنی حدود میں رہ کر بات کریں۔ پیٹرولیم لیوی پارلیمنٹ نے لگائی ہے، پارلیمنٹ چاہے تو پیٹرولیم مصنوعات پر تمام ٹیکس ختم کردے۔

مشیر پیٹرولیم نے کمیٹی کو بتایا کہ پندرہ سال پورے کرنے والے سی این جی سٹیشن بند کرنے کی سمری وزیراعظم کو بھجوادی ہے۔ سی این جی اسٹیشنز کو پندرہ سال کیلئے لائسنس دیا گیا تھا، مدت پوری کرنے والے اسٹیشنز کو مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔