ڈرون حملوں کا کوئی جواز نہیں، امریکی رکن کانگریس

AMERICAN Congress

AMERICAN Congress

امریکہ(جیوڈیسک)ڈرون حملوں کے خلاف پہلی بار امریکی ایوانوں میں بازگشت سنائی دی ہے۔ امریکی کانگریس کے ارکان کوبریفنگ میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملے غیر قانونی ہیں اور دہشت گردی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ دوسری جانب برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی ڈرون حملے رکوانے کے لئے گروپ تشکیل دے دیا ہے۔

کانگریس کے رکن ڈینس کوچینیک نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈرون حملے غیرقانونی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کے لئے کانگریس کی منظوری نہیں لی گئی، ان سے دہشت گردی مزید بڑھ رہی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ،ڈرون حملے عالمی اور امریکی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ ارکان کانگریس کو بتایاگیا کہ امریکی انتظامیہ کی جانب سے ڈرون حملوں کا جواز حقیقت پر مبنی نہیں۔ دوسری جانب برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان نے ڈرون حملے رکوانے کے لئے گروپ بنا لیا ہے۔ یہ ارکان حملے رکوانے میں کردار اداکرنے کے لئے برطانوی حکومت پر دباؤ ڈالیں گے۔

ڈرون حملوں کے خلاف بنائے گئے پارلیمانی گروپ میں تمام جماعتوں کے ارکان شامل ہیں۔ گروپ کے رہنما لارڈ قربان نے دنیا نیوزسے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں میں بے گناہ لوگ مارے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں سے انتہاپسندی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ برطانوی حکومت حملے بند کرانے کے لئے امریکا پر دباؤ ڈالے۔