کراچی : فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں آٹھ افراد جاں بحق

Karachi Violence Incidents

Karachi Violence Incidents

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے، ڈیفنس گزری میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے اقوام متحدہ کا ڈرائیوار زخمی ہو گیا۔ پولیس نے 4 ڈاکوں کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔پاک کالونی میوہ شاہ قبرستان سے 2 افراد کی بوری بند لاشیں ملی ہیں جنہیں اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ بلدیہ نمبر سات میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ عثمان آباد میں کاشف نامی شخص کو قتل کر دیا گیا۔ گلشن معمار میں فائرنگ سے سیاسی جماعت کا کارکن فضل ربی جاں بحق ہو گیا۔

کورنگی مہران ٹاؤن سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ نارتھ ناظم آباد اور ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ سے بخت نظیر اور ایک سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوئے۔ پولیس کے مطابق دونوں واقعات ذاتی جھگڑے کی بنا پر پیش آئے۔ سیکیورٹی گارڈ کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

اورنگی اور عباس ٹاؤن میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب ڈیفنس کے علاقے گزری میں دو مسلح افراد نے اقوام متحدہ کی گاڑی سے لوٹ مار کی کوشش کی۔ مزاحمت پر فائرنگ سے گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہو گیا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر فیروز آباد پولیس نے 4 ڈاکوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔