کراچی: چند گھنٹوں میں ایس پی سمیت 7 افراد جاں بحق

Karachi

Karachi

کراچی: (جیو ڈیسک) شہر قائد میں امن کا خواب ادھورا رہ گیا، فائرنگ کے واقعات میں ایس پی اور 2 ڈاکٹروں سمیت 7 افراد ہلاک کر دیئے گئے۔ گلشن اقبال میں کالعدم تنظیم کے دو کارکنوں کی ہلاکت کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔

اورنگی ٹاؤن میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ڈاکٹر طارق جاں بحق ہوئے۔ گلشن اقبال ضیا کالونی میں کالعدم تنظیم کے مفتی ذیشان اور انکے ساتھی دانش کو قتل کر دیا گیا۔ وا قعے کے بعد مشتعل افراد نے گلشن اقبال کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کر کے دکانیں اور تجارتی مراکز بند کروا دیئے۔ کلفٹن، تین تلوار چورنگی اور جوڑیا بازار میں بھی فا ئرنگ سے دو افراد اسپتال میں دم توڑ گئے۔ کورنگی بلال کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایس پی ایڈمن شاہ محمد اور ان کے دوست ڈاکٹر دلشاد کو قتل کر دیا۔

مقتول ایس پی کی بیوہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر کو اکثر دہشت گردوں سے دھمکیاں ملتی تھیں۔ واقعے کے بعد آئی جی سندھ پولیس مشتاق شاہ نے کورنگی بلال کالونی کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے ایس پی شاہ محمد کو ٹارگٹ کر کے شہید کیا۔ دوسری جانب پولیس نے مبینہ دہشت گرد یاسین عرف کمانڈر کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ پو لیس کا کہنا ہے کہ ملزم چار پولیس اہلکاروں سمیت پندرہ افراد کے قتل میں ملو ث ہے۔