کراچی : 24 گھنٹے میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہو گئی

karachi target killing

karachi target killing

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں دو گھنٹے کے دوران مزید تین افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کر دیئے گئے، چوبیس گھنٹے میں جاں بحق افراد کی تعداد اٹھارہ ہو گئی۔موت کا گھنانا کھیل شہر قائد میں جاری ہے۔ صرف ایک دن میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے اٹھارہ افراد کی جانیں لے لیں۔ سرجانی ٹان میں دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے لالہ فضل کو جاں بحق کر دیا۔ سرجانی ٹاؤن ہی میں فائرنگ کر کے سیاسی جماعت کے کارکن عمر شیخ کو جاں بحق اور ایک شخص کو زخمی کر دیا۔ نیو کراچی میں دہشت گردوں نے دو بھائیوں پر فائرنگ کر دی جس سے ایک بھائی نثار جاں بحق اور وحید زخمی ہوگیا۔

ملیر کالا بورڈ کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کر کے نذیر کی جان لے لی۔ لی مارکیٹ میں بلال علی کو فائرنگ کر کے مار دیا گیا۔ لانڈھی میں فائرنگ کر کے خاتون کو جاں بحق کر دیا گیا۔ گلبہار میں موٹر سائیکل پر سوار دہشت گردوں نے دن دہاڑے فائرنگ کر کے سیاسی جماعت کے کارکن ظفر اور ایک شہری عابد کی جان لے لی۔ کورنگی کے علاقے یوسف گوٹھ میں بھی فائرنگ کر کے سیاسی جماعت کے کارکن مہر علی کو جاں بحق کر دیا گیا۔

فوارہ چوک کے قریب خالد پنجابی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ ڈالمیا میں بھی فائرنگ کر کے جمیل نامی شخص کو جاں بحق کر دیا گیا۔ گلبرگ میں ظہیر عباس کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ اورنگی ٹاؤن میں نعیم بلوچ کو دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ لیاری مرزا آدم خان روڈ سے نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی۔