کرے کوئی، بھرے کوئی یہ مثال نادرا عملہ نے سچ ثابت کر دکھائی

پیر محل ( جیو ڈیسک)کرے کوئی ، بھرے کوئی یہ مثال نادرا عملہ نے سچ ثابت کر دکھائی ہے ، شناختی کارڈوں ، ب فارم بناتے وقت غلطیاں عملہ کرتا ہے مگر بعد میں اسکی سزا صارف کو ہو جاتی ہے ، غلطی ٹھیک کروانے کیلئے صارف کو کئی کئی قومی اخبارات میں اشتہارات لگوانے ، بیان حلفی ، داخل کروانے کے چکر میں ڈال دیا جاتا ہے ، اوپر سے عوام کے ساتھ بدتمیزی بھی کی جاتی ہے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ان اخبارات اور نمائندوں کو اشتہارت دلوائے جاتے ہیں ، جہاں پر عملہ کے کچھ لوگوں کا مک مکا ہوتا ہے ، اور ان کو کمیشن ملتا ہے ، عوامی حلقوں میں اس سلسلہ میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے ، کہ غلطیاں عملہ کرتا ہے مگر اسکا خمیازہ ہمیں بھگتنا پڑتا ہے ، ارباب اختیار سے مطالبہ کیا گیا ہے اس صورتحال کا نوٹس لیں اور نادرا ملازمین کی غلطیوں پر انہیں ہی ازالہ کرنے کا پابند بنایا جائے اور اشتہارات لگوانے کیلئے تمام ABCاخبارات کو بھی اختیارات دیئے جائیں تا کہ عوام کی یہ مشکل حل ہو سکے ۔