کوئٹہ میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام

quetta

quetta

کوئٹہ : (جیو ڈیسک)قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ چھاپے کے دوران مکان سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا ۔ دوملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔رات گئے ایف سی نے زرغون روڈ پر ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک مشکوک گاڑی کو روکا۔ چیکنگ کے دوران گاڑی سے دس، دس کلو وزنی دو بم برآمد ہوئے۔ ملزم دانش کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہوگیا۔

گرفتار ملزم کی نشاندہی پر سکیورٹی فورسز نے سریاب مل کے قریب زیر تعمیر مکان پر چھاپہ مارا۔ مکان سے دو سو کلوگرام بارودی مواد برآمد کرلیا گیا جس میں ڈیٹونیٹرز، دستی بم، واکی ٹاکی سیٹ شامل ہیں۔ مکان پر موجود ایک ملزم خالد بگٹی کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

ملزمان نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ وہ کوئٹہ چھانی اور ایف سی کے مراکز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جس کے لئے انہیں پندرہ لاکھ روپے ملے تھے جبکہ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان گزشتہ ماہ ہونے والے عالمو چوک پر ہونے دھماکے میں بھی ملوث تھے ۔ اس کام کیلیے انہیں دس لاکھ روپے دیئے گئے تھے۔ گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ ان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔