کھاریاں : الخدمت فاؤنڈیشن بھاگو یونٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بھاگو میں تقریب کا اہتمام

کھاریاں(محمد بلال احمد بٹ) الخدمت فاؤنڈیشن بھاگو یونٹ کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بھاگو میں نادار بچوں اور بچیوں میں سردیوں کے کپڑے اور جوتے تقسیم کرنے کی تقریب کا اہتمام ، مہمان خصوصی اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر چوہدری جاوید سلیم تھے جبکہ ضلعی صدر سید ضیاء اللہ نے خصوصی شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق لخدمت فائوندیشن بھاگو یونٹ کے زیر اہتمام نادار اور مستحق افراد کی ریلیف کے سلسلہ میں گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول بھاگو میں نادار اور مستحق بچوں اور بچیوں میں سردیوں کے کپڑے اور جوتے تقسیم کرنے کی سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

جس کی صدارت الخدمت فائونڈیشن پی پی 113کے چوہدری وقاص احمد کٹھانہ نے کی ،مہمان خصوصی اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر چوہدری جاوید سلیم ،مہمانان اعزاز چوہدری ضیا ء مراڑیہ اور ماسٹر شیرعلی تھے جبکہ تقریب میں خصوصی شرکت ضلعی صدر سید ضیا ء اللہ شاہ ایڈووکیٹ نے کی۔ اس موقع پہ50 نادار بچوں اور بچیوں کو گرم کپڑے اور جوتے فراہم کئے گئے۔ جبکہ بنیادی مرکز صحت بھاگو میں 15000(پندرہ ہزارروپے) کی ادویات فراہم کی گئیں۔

اس موقع پہ چوہدری وقاص احمد کٹھانہ نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ہم نے الخدمت فاؤنڈیشن بھاگو کے زیر اہتمام (2,80,000) دو لاکھ اسی ہزارروپے کی لاگت سے دکھی اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کی گئی جس میں مریضوں کی فلاح و بہبود ، غریب اور یتیم بچیوں کو جہیز کی فراہمی اورہر ماہ 16 نادار اور مستحق گھرانوں کو ماہانہ راشن کی تقسیم بھی شامل ہے۔ اس موقع پہ ضلع صدر سید ضیا ء اللہ شاہ ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نادار اوردکھی انسانیت کی بلا امتیاز کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور الخدمت فائونڈیشن بھاگو یونٹ کے زیر اہتمام گزشتہ سال ریلیف سرگرمیاں اگرچہ قابل تحسین ہیں لیکن اس میں اضافے اور بہتری کی کافی گنجائش ہے ہم توقع کرتے ہیں کہ بھاگو یونٹ کے ساتھی 2013ء میں پہلے سے بھی زیادہ بہتر انداز میں دکھی اور نادار افراد کی مدد اور ریلیف کے مشن پہ کاربند رہیں گے۔ تقریب میں علاقہ کی سماجی ، عوامی شخصیات سمیت معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔