یوم سرسید کی مناسبت سے نیویارک(امریکا)میں تیسرے عالمی مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا

Sir Syed Day Mushaira

Sir Syed Day Mushaira

نیویارک(کامران غنی)یوم سرسید کی مناسبت سے نیویارک(امریکا)میں تیسرے عالمی مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا۔اس مشاعرے کا اہتمام سرسید کی پیدائش کے 195 سال مکمل ہونے پر علی گڑھ المنائی ایسوسی ایشن اپ اسٹیٹ نیویارک کی جانب سے کیا گیا تھا جوسرسید جیسے عظیم مصلح اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی کوخراج عقیدت پیش کرنے کی ایک کوشش تھی۔پاک وہند سے تعلق رکھنے والے شائقین اردوادب وشاعری کی کثیر تعداد نے اس مشاعرے کو کامیاب بنایا اور شعرائے کرام کا کلام بڑی دل جمعی اور دل چسپی سے سنا۔سید سمیع احمد نے سورة العلق کی تلاوت سے تقریب کا آغاز کیا۔ڈاکٹر عبدالجبارخان نائب صدر علی گڑھ ایسوسی ایشن نے شعرائے کرام اور سامعین کو خوش آمدید کہا اور اردو ادب میںعلی گڑھ کاحصہ کے عنوان سے ایک جامع تقریر کی۔پرویزجعفری نے مشاعرے کی نظامت کی،صدارت پروفیسر وسیم بریلوی نے کی اور شاہدہ حسن مہمان خصوصی تھیں۔ ان کے علاوہ جن شعرائے کرام نے محفل کو اپنے کلام سے نوازا ان میں جنید اختر، تنویر پھول ، حسن کاظمی، سنیل کمار تنگ اور اعجاز بھٹی شامل تھے۔

تمام شعرا کا کلام بڑے ذوق وشوق سے سنا گیا اور سامعین نے تالیاں بجا کربھرپور داد دی۔ سنیل کمار تنگ نے لطیفے اور مزاحیہ کلام سناکرمحفل کو زعفران زار بنایا۔ تنویر پھول نے قطعات، دوہے اور غزلیں پیش کیں نیز سوات کی زخمی طالبہ ملالہ کے حوالے سے اشعار سنائے جن کو مہمان خصوصی شاہدہ حسن نے خوب سراہا اور خود بھی تعلیم نسواں کے حوالے سے ایک نظم پیش کی۔صدر مشاعرہ وسیم بریلوی نے غزل کے بعد آخر میں ترنم سے گیت سنایا۔یہ مشاعرہ تقریباََ چار گھنٹے تک کامیابی سے جاری رہا، بعد ازاں عادل خان صدر علی گڑھ ایسوسی ایشن نے سب کا شکریہ ادا کیا اور آخر میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ترانے کے ساتھ اس محفل کا اختتام ہوا۔