یونان میں چھ ہفتے کے دوران کل دوسری مرتبہ پارلیمانی انتخابات

parliamentary elections

parliamentary elections

یونان : (جیو ڈیسک) یونان میں کل چھ ہفتے کے اندر دوسری مرتبہ پارلیمانی انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان میں قدامت پسند پارٹی نیا دیمو کراسیا اور بائیں بازو کے اتحاد سیریسا کے مابین زبردست مقابلہ ہے۔ یہ انتخابات یونان کے یورو زون میں رہنے یا نہ رہنے کا فیصلہ کرینگے۔رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق یونان کے دوتہائی ووٹر یورو کرنسی کے حامی لیکن بچت کی موجودہ پالیسی کے خلاف ہیں۔ تمام سیاسی جماعتیں اس تضاد پر انداز فکر سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

قدامت پسند پارٹی تجارتی صنعتی شعبے کی طرف جھکا رکھتی ہے اور وہ خود کو ملک کے یورو زون میں شامل رہنے کی ضامن سمجھتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی قدامت پسند بچت کی پالیسی کو نرم بنانے کے وعدے بھی کر رہے ہیں۔ دوسری طرف بائیں بازو کی جماعت بچت پالیسی کو ناکارہ قرار دیتی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی یونان کے یورو کرنسی زون میں شامل رہنے کی بھی حامی ہے۔

بائیں بازو کے یورپی پارلیمنٹ کے رکن نیکوس خونتس کا کہنا ہے کہ یونانی ووٹر پچھلی بار کی طرح اس مرتبہ بھی ملک کی پرانی بڑی سیاسی جماعتوں کو شکست سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ بچت کی پالیسی یونان کو تباہی کے راستے پر لے جا رہی ہے۔ ادھر ذرائع ابلاغ میں سامنے آنے والی رپورٹوں کے مطابق غیر ملکی بینکوں کی ایتھنز میں قائم شاخیں یونان کے ممکنہ طور پر یوروزون سے نکل جانے کی تیاریاں شروع کر چکی ہیں۔ ملک کے سب سے بڑے بینک نیشنل بینک آف گریس کی ایک کاروباری رپورٹ میں صاف طور پر کہا گیا ہے کہ یونان کی یورو زون سے علیحدگی اب کوئی نظری مفروضہ نہیں رہا۔