یونیسکو میں فلسطین کی رکنیت منظور،امریکا نے فنڈز روک لئے

UNESCO

UNESCO

فرانس میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم ، سائنس اور ثقافت یعنی یونیسکو نے فلسطین کی جانب سے دائر کی جانے والی مکمل رکنیت کی درخواست کثرتِ رائے سے منظور کرلی ۔ جس پر امریکا نے یونیسکو کے فنڈز روک لئے۔
رائے شماری کے دوران فلسطین کے حق میں ایک سو سات اور مخالفت میں چودہ ووٹ آئے جبکہ برطانیہ سمیت باون ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ برطانیہ کے یونیسکو میں مندوب نے کہا کہ فلسطینی عوام کی خواہش ہے کہ مزاکرات کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور برطانیہ بھی یہی چاہتا ہے۔
یونیسکو میں امریکہ کے مندوب ڈیوڈ کلون نے کہا کہ فلسطین کی رکنیت کامعاملہ ابھی ناپختہ ہے۔ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے اسرائیلی مخالفت پر یونیسکو کے ساٹھ ملین ڈالر کے فنڈز روک لئے۔ فلسطین کی جانب سے یونیسکو کی رکنیت حاصل کرنے کی کوشش فلسطینی صدر محمود عباس کی جانب سے ان کے ملک کو اقوامِ متحدہ کا مکمل رکن بنانے کے مطالبے کے ایک ماہ بعد کی گئی ہے۔