افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا، دوسرا ٹیکسی ڈرائیور گرفتار

Najibullah Alikhel

Najibullah Alikhel

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں اپنے فرائض انجام دینے والے افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل کی بیٹی پر تشدد کے کیس میں ملوث دوسرے ٹیکسی ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعے میں دو ٹیکسیاں استعمال کی گئی تھیں جبکہ تشدد کے کیس میں ملوث ایک ٹیکسی ڈرائیور پہلے ہی زیر حراست ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی پر تشدد کے کیس میں ایک تیسرے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔

خیال رہے پاکستان میں تعینات افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا اور تشدد کا واقعہ 16 جولائی کو اسلام آباد میں پیش آیا تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کو ہدایت کی تھی کہ ملزمان 48 گھنٹوں میں گرفتار کیے جائیں۔