آل پارٹیز کانفرنس، عمران رضا مند، اسفند یار ولی کی معذرت

Islamabad

Islamabad

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت کے نو ستمبر کی آل پارٹیز کانفرنس کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں۔ جماعت اسلامی نے شرکت کی حامی بھر لی جبکہ اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی نے شرکت سے معذرت کر لی۔ دہشت گردی کے آسیب سے نمٹنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس نو ستمبر کو ہو گی جس کے لیے حکومت نے دیگر جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پیر پگارا کو فون کیا اور سیاسی صورتحال سمیت باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے پیر پگاڑا کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سے رابطہ کیا اور انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔۔ جو انہوں نے قبول کر لی گے۔ اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے اے پی سی میں شرکت سے معذرت کر لی۔

ان کا کہنا ہے کہ پارٹی تنظیموں کی تحلیل کے بعد وہ صدر نہیں رہے۔ پارٹی کے قائم مقام صدر حاجی عدیل نے بتایا کہ انہیں ابھی تک اے پی سی میں شرکت کی دعوت نہیں ملی۔ باقاعدہ دعوت ملنے پر پارٹی رہنماں سے مشورے کے بعد شرکت کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیر داخلہ کو اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی۔ وزیرداخلہ نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، مولانا فضل الرحمان، فاروق ستار، حاصل بزنجو، محمود خان اچکزئی، سے بھی رابطہ کیا۔ چودھری نثار نے چودھری شجاعت، امتیاز شیخ اور علامہ ساجد میر کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔