الشہباز کورنگی نے مدینہ شہباز اور محفوظ الیون نے کورنگی جیمخانہ کو شکست سے دو چار کردیا

Foot Ball Tornament

Foot Ball Tornament

کراچی : شاہ فیصل ٹائون فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آل سندھ انور خان میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ میں دوسرے رائونڈ کے مزید تین میچوں کے فیصلے ہوگئے ۔پہلے میچ میں ٹورنامنٹ کی میز بان ٹیم اُسامہ اسپورٹس نے چینسر محمڈن کو 1-0سے شکست دیکر تیسرے رائونڈ میں کھیلنے کی راہ ہموار کرلی دونوں ٹیموں کے مابین نہایت سخت مقابلہ ہوا ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کے لئے دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھر پور حملے کئے۔

تاہم پہلے ہاف کے اختتام پر کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی دوسرے ہاف میں اُسامہ اسپورٹس نے اپنے کھیل میں مزید بہتری پیدا کرتے ہوئے حملوں میں تیزی برقرار رکھی جس کے نتیجے میں ان کے کھلاڑی ایاز نے اپنی انفرادی کوشش سے گیند کو جال میں ڈال کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں نہایت اہم کردار ادا کیا جبکہ دوسرے میچ میں الشہباز کورنگی نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد مد مقابل مدینہ شہباز کو پنالٹی ککس پر 3-2سے ہرا دیا۔

تیسرے میچ میں محفوظ الیون ملیر نے سخت حریف کورنگی جیمخانہ کو 2-1سے شکست دیدی فاتح ٹیم کی جانب سے اختر اور عبدالحفیظ نے گول اسکور کئے جبکہ حریف ٹیم کا واحد گول انیل انصاری نے کیا ۔ٹورنامنٹ میں کے تینوں میچوں میں ریفری کے فرائض ریاض احمد ،نصیر احمد ،جاوید بنگش ،سعید خان ،سلیم شاہ اور پرویز گل نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر کے فرائض غلام فاروق انجام دی۔