امریکی ریاست فلوریڈا کی جیل میں دھماکا، 150 سے زائد قیدی زخمی

America

America

پینساکولا (جیوڈیسک) امریکا کی جنوب مغربی ریاست فلوریڈا کی ایک جیل میں دھماکے سے جیل کے عملے سمیت 150 سے زائد قیدی زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے پینساکولا کی کاؤنٹی جیل میں دھماکے کے باعث جیل کی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں جیل کے عملے سمیت 150 سے زائد قیدی زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جب کہ 31 زخمی ایسے ہیں جنہیں صرف معمولی زخم آئے ہیں۔ حکام کے مطابق دھماکے وقت جیل میں 600 قیدی اور سیکیورٹی گارڈ سمیت دیگر عملہ بھی موجود تھا۔ دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے کے باعث قیدیوں کو دوسرے قید خانوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر پتہ نہیں چل سکا کہ دھماکا کس وجہ سے ہوا تاہم اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔