امتیاز جان و مال کی حفاظت حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے

اسلام آباد : پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری و سینٹر عبد الرئوف خان نے کہا ہے کہ عوام کی بلا امتیازجان و مال کی حفاظت حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے چوری ،ڈکیتی اور گاڑیوں کے چھیننے کے واقعات قابل مذمت اور قابل گرفت ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں پشتونخوا میپ، اسلام آباد کے سیکرٹری حاجی عبد القیوم خان اچکزئی کی رہائش گاہ پر منعقدہ علاقہ عمائدین کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے پشتو نخو امیپ اسلام آباد کے سیکرٹری حاجی عبد القیوم خان اچکزئی، ڈپٹی سیکرٹری حاجی مومند، چوہدری آصف، شفاء اللہ خان نیازی ، کیپٹن (ر) غلام محمد خان ،نورالدین اور میر زمان نے بھی خطاب کرتے ہوئے علاقہ سمیت محلہ میں چوری، ڈکیتی اور نقب زنی کے واقعات تفصیل سے بیان کیے خاص کر حاجی عبد القیوم خان اچکزئی کے گھر حالیہ لاکھوں روپے ڈکیتی کی واردات کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس پر سینٹر عبد الرئوف خان نے کہا کہ یہاں کے عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل کو ایوان بالا کے فورم پر اٹھانے کے ساتھ متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کرکے ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے اور پولیس کو اپنی ذمہ داری ہر صورت پوری کرنی ہوگی ایسے واقعات کے تدارک میں مزید سستی درحقیقت چوروں اور ڈاکوئوں کی پشت پناہی کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ پشتونخوا میپ بلا امتیاز عوام کے جان و مال کے تحفظ اور حقوق و اختیارات کے حصول کی جد و جہد کر رہی ہے اور اس جد و جہد کو ہر سطح پر آگے بڑھائے گی۔