انقرہ: جمہوری حکومت کیخلاف سازش، آرمی چیف کوعمر قید کی سزا

Ankara

Ankara

ترکی (جیوڈیسک) ترکی میں عدالت نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش تیار کرنے کے خلاف سابق آرمی چیف سمیت سترہ فوجی افسران کو عمر قید کی سزا سنادی۔ ترکی کے سابق آرمی چیف الکربیسبگ پر فوجی بغاوت کے ذریعے جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کا الزام ہے جبکہ سابق آرمی چیف نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

حزب اختلاف کی مختلف جماعتوں نے ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان پر الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم کی سیاست کی جھلک عدالتی فیصلوں میں واضح دیکھی جاسکتی ہے۔ تاہم اردگان نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت فیصلے کرنے میں آزاد ہے۔

دوسری جانب عوام نے عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی منتخب حکومت کو گھر بھیجنے کا اختیار نہیں ہے اور حکومت کے خلاف سازش میں کوئی بھی ملوث ہو اسے سزا ملنی چاہئیے۔