آرمی چیف اشفاق کیانی نے جنرل راحیل شریف کو کمان سونپ دی

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) 6 برس تک چیف آف آرمی اسٹاف رہنے والے جنرل اشفاق پرویز کیانی نے جنرل راحیل شریف کوپاک فوج کی کمان سونپ دی۔

جنرل ہیڈکوارٹرز راول پنڈی میں پروقار تقریب کے دوران جنرل کیانی نے کمان نئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو سونپی ۔ اس سے قبل سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

گارڈ آف آنر کے بعد آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کمان کی چھڑی نئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حوالے کی جس کے بعد نئے آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

تقریب میں چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف ائیر اسٹاف، نیول چیف سمیت تینوں مسلح افواج کے سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران، وزیر دفاع خواجہ آصف کے علاوہ بڑی تعداد میں سیاستدانوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔