نئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زندگی پر ایک نظر

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) نئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کا تعلق فوجی پس منظر رکھنے والے خاندان سے ہے۔ وہ مطالعے، شکار اور تیراکی کے شوقین ہیں۔

جنرل راحیل شریف 16 جون 1956 کو کوئٹہ میں میجر محمد شریف کے ہاں پیدا ہوئے۔ ان کے بڑے بھائی میجر شبیر شریف شہید اور کیپٹن ممتاز شریف ہیں۔

جنرل راحیل شریف نے گورنمنٹ کالج لاہور اور پاکستان ملٹری اکیڈمی سے تعلیم حاصل کی۔

1976 میں کمیشن حاصل کیا اور فرنٹیئر کور رجمنٹ کی سکستھ بٹالین میں شمولیت اختیار کی۔ ان کے بڑے بھائی میجر شبیر شریف شہید نے بھی اس بٹالین میں رہتے ہوئے شہادت پائی اور نشان حیدر حاصل کیا۔

نوجوان افسر کے طور پر راحیل شریف نے گلگت میں ایک انفنٹری بریگیڈ میں فرائض انجام دیئے اور پاکستان ملٹری اکیڈمی میں ایڈجوٹینٹ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

جرمنی سے انہوں نے کمپنی کمانڈر کورس کیا اور معتبر ادارے اسکول آف انفینٹری اینڈ ٹیکٹکس میں انسٹرکٹر کے طور پر فرائض انجام دیئے۔ انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کینیڈا سے امتیازی حیثیت میں گریجویشن کیا۔

جنرل راحیل شریف کو کمانڈ، اسٹاف اور انسٹرکشنل عہدوں پر کام کا وسیع تجربہ ہے۔ انہوں نے ایک انفینٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر کے طور پر کام کیا جبکہ لائن آف کنٹرول اور سیالکوٹ بارڈر کے قریب دو انفنٹری یونٹوں کی کمانڈ بھی کی۔

وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کی فیکلٹی میں بھی رہے اور 1998 میں نیشنل ڈیفنس یونی ورسٹی اسلام آباد سے آرمڈ فورسز وار کورس کیا۔

بریگیڈیئر کے طور پر انہوں نے دو انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کی جبکہ انہیں دو کور کا چیف آف اسٹاف رہنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔

جنرل راحیل شریف رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز برطانیہ کے بھی گریجویٹ ہیں۔ وہ ایک انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ بھی رہے۔

لیفٹننٹ جنرل کے طور پر انہوں نے دو سال تک 30 کور کے کور کمانڈر کے طور پر فرائض انجام دیئے جس کے بعد انہیں انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ evaluation تعینات کردیا گیا۔

جنرل راحیل شریف اور ان کی اہلیہ کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ وہ مطالعے، شکار اور تیراکی کے شوقین ہیں۔ جنرل راحیل شریف کو ان کی گراں قدر خدمات کے صلے میں ہلال امتیازملٹری کا اعزاز بھی عطا کیا گیا ہے۔