فوج سے اظہاریکجہتی کیلئے ق لیگ کی ملک بھرمیں پاکستان زندہ باد ریلیاں

Rallies

Rallies

پشاور (جیوڈیسک) پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ق لیگ کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں پاکستان زندہ باد ریلیاں نکالی گئیں۔خیبرپختون خوا میں مسلم لیگ ق کے صدر انتخاب خان چمکنی کی قیادت میں ریلی کے شرکا پشاور پریس کلب کے باہر جمع ہوئے۔

شرکا نے بینر اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ جن پر پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لئے پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں۔

لڑکانہ میں پاک فوج کی حمایت میں مسلم لیگ ق کے صوبائی جنرل سیکریٹری بابو سرورسیال کی قیادت میں اتاترک ٹاور سے ریلی نکالی گئی جو جناح باغ چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔شکار پورمیں مسلم لیگ ق کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لئے پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی۔

ریلی کی قیادت مسلم لیگ کے رہنما ممتاز علی پنہور نے کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ ق کے کارکنوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔دوسری جانب کشمور میں بھی مسلم لیگ ق نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی۔

ریلی کی سربراہی مسلم لیگ ق کے رہنما ریاض علی شیخ نے کی۔ادھرعمر کوٹ میں پاک فوج کی حمایت میں ریلی تین تلوار چوک سے شروع ہوکر پریس کلب پر اختتام پزیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت مسلم لیگ ق کے ضلعی صدر آغا فضل پٹھان نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے پاک فوج کی حمایت پر مبنی بینر اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے۔