آریان کی رہائی کے احکامات جاری

 Aryan Khan

Aryan Khan

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) منشیات کیس میں گرفتار بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کی رہائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

گزشتہ روز ممبئی ہائیکورٹ نے آریان خان کی ضمانت منظور کی تھی تاہم ضمانت کے طریقہ کار میں تاخیر کی وجہ سے آریان کو مزید ایک دن جیل میں رہنا پڑا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عدالت سے جاری رہائی کے احکامات کی کاپی مقررہ وقت پر جیل پہنچائی جانی تھی تاہم ایسا نہ ہونے کی وجہ سے ان کی رہائی عمل میں نہ آسکی تھی۔

تاہم اب بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ آریان خان کی رہائی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور مقامی وقت کے مطابق انہیں صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے کے درمیان کسی بھی وقت رہا کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب ایک کروز شپ پر چھاپہ مار کر منشیات استعمال کرنے کے الزام میں آریان خان اور دیگر افراد کو حراست میں لیا تھا۔

آریان خان اور دیگر 18 افراد اس کیس میں 8 اکتوبر سے جیل میں ہیں ، گزشتہ روز آریان خان کی ضمانت منظور کی گئی تھی۔