آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست پر حکومتی اتحادیوں کے بھی دستخط

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کی اسپیکر کو دی گئی درخواست پر حکومتی اتحادیوں نے بھی دستخط کر دیے۔

جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں آصف علی زرداری نیب کی تحویل میں ہیں جن کے پروڈکشن آرڈر کے لیے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی جانب سے ایوان میں آواز اٹھائی گئی لیکن اب تک پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہوسکے۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کے لیے اسپیکر اسد قیصر کو لکھی گئی درخواست پر حکومت میں شامل اتحادیوں جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی دستخط کردیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے امین الحق، بی این پی مینگل کے سردار اختر مینگل، بلوچستان عوامی پارٹی کی طرف سے خالد مگسی، جمہوری وطن پارٹی کی طرف سے شاہ زین بگٹی اور بلوچستان سے آزاد رکن اسلم بھوتانی نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست پر دستخط کیے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی کا کہنا ہے کہ پروڈکشن آرڈر سیاسی قیدیوں کے جاری ہوتے ہیں نہ کہ ان مجرموں کے جو منی لانڈرنگ اور کرپشن مقدمات میں پکڑے گئے ہوں۔