بلوچستان میں پولنگ کا اختتامی مرحلہ جاری، انتخابی عمل پر امن رہا، وزیر اعلیٰ

Dr. Malik

Dr. Malik

کوئٹہ (جیوڈیسک) بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل ختم ہونے میں دو گھنٹے رہ گئے، قائم مقام چیف الیکشن کمشنر نے کوئٹہ میں پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک کہتے ہیں، انتخابی عمل پرامن رہا۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لئے چار ہزار ایک سو اڑسٹھ سیٹوں پر صبح آٹھ بجے ووٹ ڈالنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ جعفرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، ڈیرہ بگٹی اور چمن سمیت صوبے بھر میں بتیس لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصرالملک نے پوسٹل کالونی پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا۔انہوں نے انتخابات کے لئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، جسٹس ناصرالملک نے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک سے ملاقات بھی کی۔

قائم مقام چیف الیکشن کمشنر نے جمہوری حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان الیکشن کا کریڈٹ بلوچستان حکومت کو جاتا ہے، باقی صوبے بھی انتخابات کرائیں۔ڈاکٹر مالک کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پرامن ماحول میں بلدیاتی الیکشن جاری ہے، تشدد کے اکا دکا واقعات ہوئے ہیں۔

بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لئے سیکورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے، صوبے بھر میں دفعہ ایک سو چوالیس بھی نافذ ہے۔