بنوں : بم نصب کرنیوالوں پر عوام کی فائرنگ، ایک ہلاک، دوسرا گرفتار

Bannu

Bannu

بنوں (جیوڈیسک) بنوں میں شہریوں نے فائرنگ کرکے ایک مبینہ دہشت گرد کو ہلاک اور ایک کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق بنوں کے علاقے حاجی انور خیل میں رات گئے 6 مشکوک افراد کو دیکھ کر علاقے میں پہرہ دینے والے شہریوں نے رکنے کا کہا۔ تاہم مشکوک افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔

اہلِ علاقہ اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو شہریوں نے پکڑ لیا جبکہ ان کے ساتھی فرار ہوگئے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلو کے قریب بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کی عمریں 14سے 15سال کے درمیان ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔