بلاول کی زیرصدارت اجلاس، ارکان متحدہ کی حکومت میں شمولیت پر ناراض

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہم تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کی شب بلاول ہائوس کراچی میں سندھ سے ارکان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں شریک ارکان نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل کیے جانے کے فیصلے پر سخت احتجاج کیا اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر واضح کیا کہ ایم کیو ایم کو صوبائی حکومت میں شامل کیے جانے سے سندھ میں پیپلزپارٹی کی ساکھ شدید متاثر ہو گی اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کو نقصان اٹھانا پڑے گا۔ بلاول بھتو کی جانب سے مفاہمتی عمل کی بات ے باوجود اراکین اسمبلی نے فیصلے پر سخت احتجاج کیا اور مفاہمتی عمل پر تحفظات کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سندھ کے تمام ارکان اسمبلی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ حلقوں میں ہر مہینے میں دو مرتبہ عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کریں تا کہ عوام کے مسائل کی نشاندہی ہو سکے اور پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بھرپور طریقے سے عوام کے مسائل کو جلد از جلد حل کر سکے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، صوبائی وزرا اور ارکان سندھ اسمبلی نے شرکت کی ،انھوں نے حکومت سندھ کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں اور ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے۔