ڈیڑھ ارب ڈالر کسی اسمگلر سے نہیں بلکہ دوست ملک سے لئے، صدر ممنون حسین

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہم نے ڈیڑھ ارب ڈالر کسی اسمگلر سے نہیں بلکہ ایک دوست ملک سے لئے جس کا نام مصلحتاً ظاہر نہیں کیا جارہا۔

اسلام آباد میں صدر ممنون حسین سے نیشنل پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ممنون حسین نے کہا کہ ہمارے ملک میں چند معاملات پر بلاوجہ تنقید شروع کردی جاتی ہے حالانکہ ہمیں یہ دیکھنا چاہئے کیا چیز ملک کے مفاد میں ہے اور کیا نہیں اور اس طرح تنقید نہیں کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ارب ڈالر ہم نے کسی اسمگلر سے نہیں بلکہ ایک دوست ملک نے ملکی حالات بہتر بنانے کے لئے دیئے اور مصلحتاً دوست ملک کا نام ظاہر نہیں کیا جارہا تھا لیکن اس کو بھی میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اس کا مذاق اڑایا جا رہا ہے اور شک کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے جو درست نہیں۔

ممنون حسین نے کہا کہ حکومت جب کوئی مثبت کام کرتی ہے تو میڈیا کو اس پر منفی رائے قائم کرنے کے بجائے اسے عوام کے سامنے مثبت انداز میں پیش کرنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ہمیں حکومت کی بھاگ دوڑ ملی تو اس وقت ملک کا قرضہ 14 ہزار 800 ارب تھا لیکن حکومتی اقدامات کے باعث اس میں کمی آرہی ہے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں اور صرف چین 5 سالوں میں 22 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا۔