قاہرہ : جیل سے فرار کی کوشش، اخوان المسلمون کے 36 کارکن ہلاک

Cairo

Cairo

قاہرہ (جیوڈیسک) مصر کی وزارت داخلہ نے الزام لگایا ہے کہ قاہرہ کی جیل میں قید اخوان المسلمون کے کئی کارکنوں نے بھاگنے کی کوشش کی، اس دوران سیکیورٹی فورسز کی شیلنگ سے 36 قیدی مارے گئے جبکہ ملک بھر سے تنظیم کے 42 رہنماوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ مصری حکومت نے دعوی کیا ہے کہ اخوان المسلمون کے کارکنوں نے ایک پولیس افسر کو یرغمال بنا کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس کی بھاری نفری نے گاڑی پر فائرنگ کر دی۔

بھاگنے کی کوشش کرنے والوں پر آنسو گیس کے شیل بھی پھینکے گئے جس سے 36 قیدی دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔ اخوان المسلمون کے مطابق پولیس نے انکے 36 کارکنوں کو قتل کیا ہے۔ ادھر مصر کے مختلف شہروں سے اخوان المسلمون کے 42 رہنماوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسلامی اتحاد نے سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر قاہرہ میں حکومت مخالف ریلیوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے لیکن باقی شہروں میں ریلیاں جاری رہیں گی۔

مصر کے آرمی چیف عبدالفتاح سیسی نے ایک بار پھر معزول صدر مرسی کے حامیوں کو پیغام دیا ہے کہ مظاہروں سے سختی سے نمٹا جائیگا۔ مصر کے کئی شہروں میں رات کے اوقات میں کرفیو کے نفاذ کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔ ادھر فرانس کے صدر فرانسوا اولاندے نے مطالبہ کیا ہے مصر میں جلد از جلد عام انتخابات کرائے جائیں کیونکہ امن و امان کی صورتحال میں تبھی بہتری ممکن ہے۔