مصری سیکورٹی فورسز نے اخوان المسلمون کے 42 رہنماوں کو گرفتار کر لیا

Egyptian Security Forces

Egyptian Security Forces

قاہرہ (جیوڈیسک) مصری سیکیورٹی فورسز نے اخوان المسلمون کے 42 رہنماوں کو گرفتار کر لیا، اخوان المسلمون نے ریلیاں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے، آرمی چیف سیسی کا کہنا ہے کہ کسی کو بدامنی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مصر میں ہنگاموں کے بعد آرمی چیف سیسی نے پولیس اور فوجی افسروں سے خطاب میں معزول صدر مرسی کے حامیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سب کیلئے جگہ ہے لیکن اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ تشدد سے ملک بنایا جا سکتا ہے تو وہ غلطی پر ہے، ہم ایسی کسی بھی کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

مصر میں ہونے والے پرتشدد ہنگاموں میں اب تک 750 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یورپی یونین کے سربراہوں نے مصری حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر تشدد کا جلد خاتمہ نہ کیا گیا تو یورپی ممالک مصر سے اپنے تعلقات پر نظر ثانی کریں گے۔ مصری صحافی شریف نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مصری فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔