چھتیں، دیواریں گرنے کے واقعات، 15 افراد جاں بحق

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بارشوں نے جل تھل کر دیا۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ساہیوال سمیت مختلف شہروں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے کے بعد زندگی مفلوج ہو گئی۔ چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں پندرہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ فیصل آباد میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک سو چالیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

چک جھمرہ، کھرڑیا نوالا، چنیوٹ روڈ اور جھنگ بازار میں چھتیں گرنے سے بچی اور دو خواتین سمیت پانچ افراد دم توڑ گئے۔ گوجرانوالہ میں موسلا دھار بارش نے پورے شہر کو ڈبو دیا۔ بارش کا پانی گھروں اور سرکاری عمارتوں میں داخل ہو گیا۔ شکر گڑھ میں بارش کا پانی تھانہ سٹی میں داخل ہو گیا جس سے ریکارڈ ضائع ہو گیا۔ حوالاتیوں کو بھی کمروں میں منتقل کرنا پڑا۔

ننکانہ صاحب میں بھی شدید بارش کے باعث گلیاں اور بازار ندی نالوں کا منطر پیش کرتے رہے۔ کامونکی، پسرور، اور نارووال میں چھتیں گرنے کے واقعات میں تین خواتین دم توڑ گئیں۔ قصور، منچن آباد، پھول نگر اور بہاولپور میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔

مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر کے کئی شہروں میں بھی بادل جم کر برسے۔ کالا باغ، میانی شہر اور خیبر پختونخوا کے بیشتر شہروں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات اور جمعہ کے روز مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔