چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور کا سیوریج مسائل کے حل کے حوالے سے گلشن اقبال کا دورہ

DMC EAST

DMC EAST

کراچی : چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ ضلع میں انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے طویل المعیادبنیادوں پر عوام کو سہولیات کی منتقلی کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لارہے ہیں، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی اشتراک سے ضلع میں نکاسی آب کے اہم مسئلے کو کافی حد تک قابو میں لائے ہیں، ابھی بھی جہاں جہاں شکایات موصول ہوتی ہیں وہاں دورے کرکے اپنی زیر نگرانی امور سر انجام دلوارہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 21 کے چیئرمین عدنان خان کے ہمراہ گلشن اقبال بلاک 13ـDـ3 میں سیوریج لائنوں کی تنصیب کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ علاقے میں نکاسی آب کا دیرینہ مسئلہ تھا جس پر یوسی چیئرمین نے علاقہ مکینوں کی مشاورت کے بعد ترقیاتی کام کا آغاز کروایا،اس موقع پر علاقہ مکینوں نے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور اور یوسی چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اختیارات نہ ہونے کے باوجود سیوریج کاموں کا انجام دلوانا انتہاء. خوش آئند ہے جو اس جانب اشارہ ہے کہ بلدیاتی اداروں کے پاس اختیارات ہوں تو وہ بہترین خدمات سر انجام دیکر شہریوں کو ریلیف فراہم کر سکتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ علاقے میں سیوریج مسائل کی وجہ سے نہ صرف آمدو رفت متاثر ہو رہی تھی بلکہ مضر امراض بھی جنم لے رہے تھے جو کہ نئی لائنوں کی تنصیب سے قابو میں آ جائیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین معید انور نے علاقہ مکینوں سے بات چیت کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ترقیاتی کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائیگاجبکہ دیگر روز مرہ کے بلدیاتی اقدامات بھی ساتھ ساتھ جاری رہیں گے۔اس موقع پر چیئرمین معید انور نے کہا کہ ہم اپنی استطاعت سے بڑھ کر عوام کی خدمت کیلئے وہ اقدامات بھی کر رہے ہیں جو کہ براہ راست ہمارے نہیں لیکن عوام کی ضروریات کو سمجھتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت یہ کام کر رہے ہیں تاکہ عوام تک سہولیات کی منتقلی میں رکاوٹ نہ آئے۔اس موقع پر یوسیز نمائندگان کے علاوہ علاقہ مکین بھی موجود تھے۔

جاری کردہ
محکمہ اطلاعات
بلدیہ شرقی