ان ہاؤس تبدیلی کا کوئی امکان نہیں: شاہ محمود قریشی

Shah Mahmood Qureshi

Shah Mahmood Qureshi

ملتان (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انہیں ان ہاؤس تبدیلی کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا، ان ہاؤس تبدیلی کچھ لوگوں کی خواہش ہے جو پوری نہیں ہو گی۔

ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے پلان بی کو عوام نے پسند نہیں کیا، حکومت نے دھرنے والوں کے لئے سہولتیں پیدا کیں اور کہیں بھی رکاوٹیں کھڑی نہیں کیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے لیے حکومت کی جانب سے 7 ارب روپے کے ضمانتی بانڈ جمع کرانے کی شرط رکھی گئی تھی لیکن لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی درخواست پر اپنے فیصلے میں نوازشریف کو غیرمشروط طور پر علاج کے لیے 4 ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی اور حکومت حکم دیا کہ وہ ان کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل )سے نکالے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتی فیصلے کا احترام کیا ہے، نواز شریف کے مقدمے کا ایک قانونی اور ایک انسانی پہلو ہے، حکومت نے نواز شریف کو پاکستان میں موجود تمام طبی سہولتیں مہیا کیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت نے قانونی، انسانی پہلو کو سامنے رکھتے ہوئے شریف برادران سے بیان حلفی لیا اور یہ کہ نواز شریف نے بھی بیان حلفی دیا کہ وہ بھائی کی بات کو پورا کریں گے۔