نالہ انکڑ چوکی پولیس نے دوران ناکہ بندی کرولا کار سے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی قبضہ میں لیکر دو پٹھان ملزمان کو گرفتار کر لیا

تلہ گنگ : نالہ انکڑ چوکی پولیس نے دوران ناکہ بندی کرولا کار سے کروڑوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی قبضہ میں لیکر دو پٹھان ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نالہ انکڑ کے انچار ج حولدارامیر سلطان، سپاہی احمد حیات اور تصور حسین نے بدھ کی رات گیارہ بجے راولپنڈی سے میانوالی جانے کالے رنگ کی کرولا کارنمبر اے سی377 کو مشکوک جان کر روکا۔

تلاشی لی تو کار سے بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی جس میں سعودی ریال 25 لاکھ 61 ہزار 450 ، پاؤنڈ 81 ہزار، یورو 3لاکھ 71 ہزار 645 ،کویتی دینار 45 ہزار،امانی ریال 17 ہزار، قطر ریال ایک لاکھ، ڈنمارک 45 ہزار، جاپانی ین 9 لاکھ 27 ہزار اور ناروے کرونا 6 لاکھ 16 ہزار پچاس شامل تھے۔

فوری طور پر قبضہ میں لیکر کار میں سوار دو ملزمان شمس الرحمن ولد اختر محمد اور محمد فاروق ولد محمد علی ساکن اتفاق کالونی ترنول روڈ رالپنڈی کو گرفتار کر لیا۔ اور ایس ایچ او تھانہ ٹمن ملک محمد اسلم کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔ اس دوران ملزمان کی جانب سے چوکی پولیس کو موقع پر تین لاکھ رشوت کی آفر کی گئی۔

انکار پر غیر ملکی کرنسی دینے کی بھی پیشکش کی گئی جو ایماندار چوکی پولیس اہلکاروں نے مسترد کر دی۔پکڑی جانے والی غیر ملکی کرنسی کی پاکستانی قیمت 19 کروڑ کے لگ بھگ بنتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ کیس منی لارڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔