ترقی میں چین سے مقابلہ کرنے کے بھارتی دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں، امرتیا سین

Amartya Sen

Amartya Sen

چین (جیوڈیسک) ترقی کے نعرے لگا کر عالمی سرمایہ کاروں کو رام کرنے کی کوشش کرنے والے بھارت کے دعوں کا پول کھل گیا، نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات امرتیا کمار سین نے بھارتی اکانومی کو ایک ڈھکوسلا اور اعدادو شمار کا گورکھ دھندہ قرار دیا ہے۔ جین ڈریزے کی شراکت میں لکھی گئی اپنی کتاب “این ان سرٹین گلوری، انڈیا اینڈ اِٹس کونٹراڈکشنز” میں امریتیا سین کمار نے بھارتی معیشت کی نام نہاد ترقی کا پردہ چاک کر دیا۔

نوبل انعام یافتہ مصنف کے مطابق سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت کی بڑی آبادی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم ہے۔ شائننگ انڈیا کا نعرہ لگانیوالے بھارت میں نصف سے زائد شہریوں کو ٹوائلٹ کی سہولت دستیاب نہیں۔ امرتیا سین کے مطابق بھارت کے پچاس فیصد بچے اور خواتین غذائی قلت کا بھی شکار ہیں۔

ملک کی سات بڑی ریاستوں کے 50 فیصد اسکولوں میں نہ کوئی استاد ہے اور نہ ہی طالب علم۔ کتاب میں بھارت کی حالیہ ترقی کو ایسا تباہ کن زون قرار دیا گیا ہے جہاں لاکھوں زندگیاں بھوک اور افلاس کے باعث تباہی کے دھانے پر ہیں۔ امرتیا سین کے مطابق ترقی میں چین سے مقابلہ کرنے کے دعوے بھی جھوٹ کا پلندہ ہیں۔ حکومت نے لوگوں کو موبائل فون دے کر باور کرایا کہ بھارت ترقی کر رہا ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔