چین میں زلزلے سے 75 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

Earthquake in China

Earthquake in China

بیجنگ (جیوڈیسک) چین میں زلزلے سے 75 افراد ہلاک، 21 ہزار سے زائد عمارات کو نقصان پہنچا جبکہ 1200 سے زائد تباہ ہوئی ہیں۔ چینی حکام کے مطابق ملک کے شمال مغربی صوبہ گانزو میں آج صبح آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 75 تک پہنچ گئی ہے۔ اس زلزلے سے چین کے پہاڑی علاقے پر مشتمل صوبہ گانزو کے ڈِنگشی نامی شہر کے آس پاس کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ چین میں زلزلوں پر نظر رکھنے والے ایک ادارے کے مطابق 450 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زلزلے سے چین کے پہاڑی علاقے پر مشتمل صوبہ گانزو کے ڈِنگشی نامی شہر کے آس پاس کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں بڑے پیمانے پر عمارات کو نقصان پہنچا۔ پہلا جھٹکا مقامی وقت کے مطابق صبح سات بج کر 45 منٹ پر محسوس کیا گیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا پہلا جھٹکا 5.9 شدت کا تھا۔

زلزلے کا دوسرا جھٹکا بھی اسی علاقے میں صبح نو بج کر 22 منٹ پر محسوس کیا گیا۔ ان زلزلوں کا مرکز گانزو صوبے میں بائیداو کے علاقے سے 151 کلومیٹر دور زمین میں قریب دس کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ اس تباہ کن زلزلے سے علاقے میں مواصلاتی نظام کو شدید نقصان پہنچا۔ دوسری جانب چائنا ارتھ کویک نیٹ ورکس سینٹر نے اس زلزلے کی شدت 6.6 بتائی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کا دورانیہ قریب ایک منٹ تھا اور اس کی شدت سے درخت اور مکان ہل رہے تھے۔ زلزلے کی شدت گانزو صوبے کے دارالحکومت لانژھو اور قریبی صوبے شانزی کے دارالحکومت شیان میں بھی محسوس کیے گئے۔ چین کے سرکاری ٹیلی وژن پر زلزلے سے تباہ حال دیہی علاقوں کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقہ پہاڑی اور ریگستانی نوعیت کا ہے اور اس صوبے میں قریب 26 ملین افراد آباد ہیں۔