حلقہ بندیاں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا مارنے کا پہلا مرحلہ: فاروق ستار

Farooq Satar

Farooq Satar

کراچی(جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حلقہ بندیاں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا مارنے کا پہلا مرحلہ ہے، الیکشن کے بعد پھر سپریم کورٹ جائیں گے۔کراچی ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے باعث کوئی بڑا جلسہ نہیں کر سکے۔

متحدہ کو جرائم مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ ایم کیو ایم کے دفاتر پر 6 حملے کئے گئے۔ دہشتگردوں کی جانب سے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو کے قریب ہونے والا دھماکا ہمارے لئے واضع پیغام تھا۔ ایم کیو ایم کو مجبور کیا گیا کہ ہم اپنے دفاتر بند کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی اور جمہوری عمل کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔

پولنگ سٹیشنوں کو راتوں رات تبدیل کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کو انتہا پسندوں کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ الیکشن کمشن انتخابات کی ذمہ داری سے دستبردار ہو گیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم الیکشن سے دستبردار نہیں ہو گی۔