ملتان میں یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر اغوا، دوافراد زیر حراست

Ali Haider

Ali Haider

ملتان(جیوڈیسک) ملتان میں مسلح افراد نے یوسف گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو اغوا کرلیا، حملہ آوروں نے پہلے فائرنگ کی جس سے علی حیدر کا گن مین اور سیکریٹری جاں بحق ہوگئے علی حیدر گیلانی فرخ ٹاون کے ایک گھر سے کارنر میٹنگ کے بعد باہر نکلے، قریب ہی گھات لگاکر بیٹھے حملہ آوروں نے کلاشنکوف سے فائرنگ شروع کردی، جس کی زد میں علی حیدر کے سیکریٹری اور ان کا گن مین بھی آیا۔

فائرنگ کے بعد مسلح افراد نے علی حیدر گیلانی کو کار میں بٹھایا اور اغوا کرکے لے گئے ، عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور دو موٹر سائیکلوں اور سیاہ رنگ کی کار میں سوار تھے،جبکہ اغوا کے وقت علی حیدر گیلانی کے کپڑوں پر بھی خون لگاتھا،واقعے کی اطلاع ملنے پر علی حیدر گیلانی کے بھائی علی موسی گیلانی اور عبدالقادر گیلانی موقع پر پہنچ گئے۔

جو بھائی کے اغوا پر شدید مضطرب اور غصہ تھے، پولیس حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ علی حیدر کو بازیاب کرانے کیلئے سارے شہر کی ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔پولیس نے دو مشکوک افراد کو بھی حراست میں لے لیاہے، دونوں افراد کو جائے حادثہ کے قریب سے ہی حراست میں لیاگیا ہے۔