ایل ڈی اے پلازہ لاہور میں آتشزدگی، 3 افراد گر کر جاں بحق

Lahore Fire

Lahore Fire

لاہور(جیوڈیسک)لاہور میں ایل ڈی اے پلازہ کی پانچویں، چھٹی اور آٹھویں منزل پر آگ بھڑک اٹھی۔ جان بچانے کیلئے باہر نکلنے کی کوشش میں 3 افراد گر کر جاں بحق ہو گئے۔ بیس سے زائد پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ملک ریاض نے جاں بحق افراد کے ورثا کیلئے پانچ پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

ایجرٹن روڈ پر واقع ایل ڈی اے پلازہ میں جنریٹر کے پھٹنے سے اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پلازہ کی آخری دو منزلوں کو لپیٹ میں لے لیا اور ہر طرف دھوئیں کے بادل پھیل گئے۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ دفاتر میں کام کرنے والے لوگوں کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا۔

امدادی اداروں کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت رسی کے ذریعے پھنسے افراد کو چھت پر پہنچایا۔ اس دوران ایک شخص نے بالائی منزل پر رسی کی مدد سے چڑھنے کی کوشش کی۔ ہاتھ پھسلنے سے وہ سڑک پر آ گرا جس کے باعث اس کی موت ہو گئی۔ جبکہ گر کر زخمی ہونے والا ایک اور شخص گنگا رام اسپتال میں دم توڑ گیا۔

پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کیلئے امدادی اداروں نے پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کو مدد کیلئے طلب کیا۔ ہیلی کاپٹرز نے چھت پر پھنسے افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جبکہ دھوئیں سے متاثرہ دو افراد کو گنگارام اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران ایک ریسکیو اہلکار زخمی ہو گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق پلازے پر اب بھی بیس سے پچیس افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے پلازے کی اطراف تمام راستے ٹریفک کیلئے بند کر دیئے جس سے شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ ایل ڈی اے کی عمارت میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئیں۔ انتظامیہ نے شہریوں کو عمارت سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔