کورونا کیسز میں اضافے پر سنیل شیٹھی کا اپارٹمنٹ سیل کر دیا گیا

 Sunil Shetty

Sunil Shetty

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کورونا کیسز میں اضافے پر اداکار سنیل شیٹھی کا اپارٹمنٹ سیل کردیا گیا۔

بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران سنگین صورتحال میں کسی حد تک کمی ضرور آئی ہے لیکن بھارت میں ہی سامنے آنے والی کورونا کی ایک اور قسم ’ڈیلٹا ویرینٹ‘ دنیا کے لیے خطرہ بن چکا ہے جو اب تک 90 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے اور بھارت میں بھی یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا ویرینٹ ممبئی میں بھی تیزی سے پھیلنا شروع ہوچکا ہے۔ بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹھی کے ممبئی کے اپارٹمنٹ ’پریتھوی‘ میں بھی یہ وائرس حملہ آور ہوا ہے۔ اپارٹمنٹ میں 5 لوگوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے اور ان چاروں میں ’ڈیلٹا ویرینٹ‘ کی قسم پائی گئی ہے جس کے بعد اپارٹمنٹ کو سیل کردیا گیا۔

اسسٹنٹ میونسپل کارپوریشن پراشانت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اداکار سنیل شیٹھی بھی اس اپارٹمنٹ کے اے ونگ میں رہائش پذیر ہیں تاہم کورونا کے پانچوں کیسز بی ونگ سے رپورٹ ہوئے ہیں جس کے باعث سنیل شیٹھی کی پوری فیملی محفوظ ہے جب کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی وجہ سے اپارٹمنٹ کو سیل کیا ہے۔

دوسری جانب اداکار سنیل شیٹھی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سنیل شیٹھی ان دنوں کام کے سلسلے میں ممبئی سے باہر ہیں تاہم ان کی فیملی گھر میں محفوظ ہے۔