بدعنوان حکمران عوام کونہیں اپنے آپ کوبیوقوف بنارہے ہیں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان ، چوہدری خورشید زمان

تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ،مرکزی سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان نے کہا ہے کہ آج حکمران تو ہیں لیکن قوم کے سامنے قیادت موجود نہیں نادان اوربدعنوان حکمران عوام کونہیں اپنے آپ کو بیوقوف بنارہے ہیں اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا جھوٹ کی سیاست کا دور گذر چکا اب جھوٹے وعدوں اور دلفریب نعروں پر قوم کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

نیب زدہ سیاستدانوں کا بار بار سیاسی یوٹرن کا مقصد اقتدار تک رسائی حاصل کرنا جو محض خواب ہوگا انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کا واحد مقصد اس ملک اسلام کی تجربہ گاہ بنانا تھا ۔اس مقصد سے انحراف نے ہمیں آج تک مستحکم نہیں ہو نے دیا جمہوری پارٹیوں کو نیب زدہ شخصیات نے یرغمال بنارکھا ہے۔

سیاست میں وراثت کے نظام نے جمہوریت کابیڑا غرق کرکے رکھ دیا رہنماؤں کے روپ میں راہزنوں نے پاکستان کی تعمیر وترقی کے قافلوں کو دلدلوں میں دھنسانے کے سوا کچھ نہیں کیا قوم کا ہر فرد مایوسی کی دلدل سے نکلے اور قیام پاکستان کے لئے جان،مال اور عزتوں کی قربانیاں دینے والوں کی لاج رکھتے ہوئے قائد اعظم کے دیس کو تباہی کے دہانوں تک پہنچانے والے ہر مجرم کے وجود کو مٹانے میں اپنا اپنا کردار ادا کرے۔